بھارتی پائلٹ کی رہائی کسی دباؤ یا مجبوری کا نتیجہ نہیں: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے حوالے سے کسی بھی دباؤ یا مجبوری کا تاثر مسترد کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان غیر ریاستی عناصر کو ملک اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا، ہم شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کسی ملیشیا یا جنگجو تنظیم کو ہتھیاروں کے استعمال اور ان کے ذریعے دہشت گردی کے پھیلاؤ کی اجازت نہیں دے گی، اگر کوئی گروپ ایسا کرتا ہے تو حکومت ان کے خلاف کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ’ہم غیر ریاستی عناصر کو اپنے ملک اور خطے کو اس دہانے پر کھڑا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘

بھارتی پائلٹ کی رہائی سے متعلق شاہ محمود نے کسی بھی دباؤ یا مجبوری کا تاثر بھی مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان پر بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کے لیے کوئی دباؤ تھا اور نہ ہی کوئی مجبوری تھی، ہم انہیں یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ ہم آپ کے دکھ میں اضافہ نہیں چاہتے، ہم آپ کے شہریوں سے بدسلوکی نہیں چاہتے، ہم تو امن چاہتے ہیں۔‘

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے کے امن کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔

 

 

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.