ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے جب کہ ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی۔

کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، ماضی کے وزیراعظم نے بلوچستان سے زیادہ لندن کے دورے کیے جب کہ ماضی میں بلوچستان میں صرف الیکشن جیتنے کیلیے سیاست کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حکمرانوں نے بلوچستان کو بری طرح نظر انداز کیا اور  ملک کو ایسے چلایا کہ ہم کنگال ہوگئے، ماضی میں جو قرضے لیے اس کے روزانہ 6 ارب ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پرانے طریقے سے پاکستان کو دیوالیہ کر دیا گیا تاہم پاکستان میں اب تبدیلی کی سوچ ہے، ملک کو فرسودہ نظام سے نکال کر تبدیلی لائیں گے، بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی وابستہ ہے، کوئٹہ کیلئے ایک ماسٹر پلان بنانا بہت ضروری ہے تاہم ہم سے جوہوسکا بلوچستان کے لیے کریں گے۔

وزیراعظم نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے شروع کروانے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر صوبے میں کینسر کا اسپتال بنائیں گے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراء کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا آرمی ایوی ایشن بیس پر استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں پاک فوج اور بلوچستان حکومت جوائنٹ وینچر کے تحت میگا منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، سنگ بنیاد کی تقریب میں وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعلیٰ بلوچستان و گورنر سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میگا منصوبوں میں جدید کارڈیک سنٹر اور کوئٹہ ژوب روڈ شامل ہیں، بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر پاک فوج نے کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس خوشحال بلوچستان پروگرام کا حصہ ہے جب کہ اس منصوبے کو متحدہ عرب امارات نے اسپانسر کیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.