گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر مسلح ملزمان کا حملہ

بلوچستان کے علاقے گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ حملے میں شدید فائرنگ کی گئی۔ آئی جی بلوجستان محسن بٹ نے بتایا کہ پاک فوج اور ایف سی کےکمانڈوزآپریشن میں شریک ہیں،بڑی تعداد میں پولیس اہلکار بھی علاقے میں موجود ہیں۔آئی جی پولیس نے دعویٰ کیا کہ ہوٹل میں گھسنے والے دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔

ہفتے کی شام تقریبا ساڑھے 5 بجے فائیو اسٹار ہوٹل پر مسلح ملزمان نے حملہ کیا۔ اطلاعات ہیں کہ حملے کے وقت ہوٹل میں غیر ملکی مہمان اور ملازمین موجود تھے۔

ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گوادر کے فائیواسٹار ہوٹل پی سی میں3دہشتگردوں نے داخل ہونے کی کوشش کی،ہوٹل میں داخلے پر سیکیورٹی گارڈ نے دہشتگردوں کو روکنے کی کوشش کی،دہشتگردوں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تینوں دہشتگردوں کو سیکیورٹی فورسز نے ایک جگہ پر محدود کردیا،پی سی ہوٹل میں موجود مہمانوں کو بحفاظت نکال لیاگیا، سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے بتایا کہ ہوٹل کو محاصرے میں لے لیا گیا،متعلقہ حکام، فورسز سے رابطے میں ہیں،اطلاعات کے مطابق ہوٹل میں موجود افراد کو نکال لیا گیا ہے، فورسزکا آپریشن ابھی جاری ہے،تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے یہ بھی بتایا کہ فائرنگ سے کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، زخمیوں میں کوئی غیرملکی شامل نہیں ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.