سرحد پار افغانستان سے فوجی چوکی پر حملے میں کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

0

راولپنڈی: — باجوڑ ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغان دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم دل شہید جب کہ 4 سپاہی زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی پوسٹوں پر افغانستان سے دہشت گردوں نے حملہ کرکے پاک فوج کے کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم دل کو شہید کردیا جب کہ 4 سپاہی زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کم از کم 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ میعدد دہشت گرد زخمی ہو کر افغان سرحد کی جانب فرار ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر افغانستان کے علاقوں میں حکومتی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گرد باآسانی پاکستانی سرحدوں پر حملہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے افغان سرحدی علاقے سے دہشت گردوں کی خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں فائرنگ سے ایک فوجی جوان سپاہی محمد الیاس شہید ہوگئے تھے اور آئی ایس پی آر کے مطابق 5 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

رواں برس 15 جون کو پاک فوج نے خیبرایجنسی کے تمام علاقوں میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن خیبر 4 کا آغاز کیا تھا۔ علاوہ ازیں سرحد پار سے آنے والے شدت پسندوں کو روکنے کے لیے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام بھی کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.