پی ایس ایل: کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

0

راولپنڈی(عبدالغفار /سپورٹس رپورٹر)

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگز نے  اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے 14ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 8گیندیں قبل 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو میزبان ٹیم نے 77 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 3 وکٹیں گنوادیں۔ کولن منرو1، رضوان حسین 22 اور کولن انگرام 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر لیوک رونکی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ 183 تک پہنچایا۔

60 گیندوں پر 106 رنز کی اس ناقابل شکست شراکت میں لیوک رونکی کے 85 اور شاداب خان کے 54 رنز شامل تھے۔اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 12 چوکے اور 6 چھکے جڑے۔

کراچی کنگز کے عمرخان، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

184 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگزکا آغاز زیادہ متاثرکن نہ رہا۔ اس دوران مہمان ٹیم کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب اوپنر بابراعظم کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوکرپویلین واپس لوٹ گئے۔ شاداب خان نے شاندارفیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں رن آؤٹ کیا۔ کراچی کنگز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز شرجیل خان تھے جو 38 رنزبناکر رومان رئیس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

58 کے مجموعی اسکور پر کراچی کنگز کے دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹے تو ایلکس ہیلز اور کیمرون ڈیلپورٹ نے بھرپور مزاحمت کا سلسلہ شروع کیا۔ دونوں بلے بازوں نے مثبت بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار فائٹ بیک کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 64 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

ایلکس ہیلز نے3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت30 گیندوں پر 52 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔کیمرون ڈیلپورٹ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے کراچی کنگز کو جیت کی پٹری پر پہنچایا تو عماد وسیم اور چیڈوک والٹن نے ریل کو بآسانی منزل پر لاکھڑا کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز جوڑے۔ عماد وسیم 32 اور چیڈوک والٹن نے 23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کراچی کنگز کو فتح دلادی۔

کراچی کنگز نے184 رنز کا ہدف18.4 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے احمد صفی عبداللہ، رومان رئیس اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر ایلکس ہیلز کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔

2 مارچ بروز پیر کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں ایک میچ کھیلا جائے گا۔کراچی کنگزاور پشاور زلمی کی ٹیمیں پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.