کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی

0

راولپنڈی(عبدالغفار /سپورٹس رپورٹر)

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے بآسانی شکست دے دی۔ کراچی کنگز کی یہ مسلسل دوسری اور ایونٹ میں مجموعی طور پر تیسری کامیابی ہے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے 15ویں میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف11گیندوں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو محمد عامر کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے حریف ٹیم شدید مشکلات کا شکار نظر آئی اورمحض 10 رنز پر ابتدائی تین بلے باز آؤٹ ہوکر پویلین واپس لو ٹ گئے۔ ٹام بنٹن کھاتہ کھولے بغیر جبکہ کامران اکمل اور حیدر علی 4،4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چوتھے نمبر پر میدان میں اترنے والے تجربہ کار آلراؤنڈر شعیب ملک نےکراچی کنگز کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی۔ وہ 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 68 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔اس دوران لیام لیونگ اسٹون اور لوئس گریگری نے 25،25 رنز بناکر شعیب ملک کا ساتھ دیا۔

کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے ٹام بنٹن، حیدر علی، لوئس گریگری اور کارلوس بریتھ ویٹ کو پویلین کی راہ دکھائی۔کرس جارڈن نے 2 جبکہ عامر یامین اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

152 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 4کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب شرجیل خان(4)، حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں بابراعظم اور ایلکس ہیلز نے 101 رنز جوڑے۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔

ایلکس ہیلز بدقسمتی سے اپنی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ وہ 27 گیندوں پر49 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔کیمرون ڈیلپورٹ کے 2 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ایک اینڈ پر مستحکم کھڑے بابراعظم نے چیڈوک والٹن کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 40 رنز کی شراکت قائم کرکے کراچی کنگز کو فتح دلادی۔ بابراعظم نے10 چوکوں کی بدولت 59 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ چیڈوک والٹن 4چوکوں کی مدد سے 22 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 18.1گیندوں پر 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

یاسر شاہ نے 2 جبکہ حسن علی اور کارلوس بریتھ ویٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں شاندار باؤلنگ کرنے پر کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تین مارچ بروزمنگل کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں ایک میچ کھیلا جائے گا۔ لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.