کورونا وائرس سے اب تک 7 ہلاکتیں، ملک بھر میں لاک ڈاؤن

0

منگل کو ملک میں مجموعی طور پر 106 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے خیبرپختونخوا میں 40، پنجاب میں 50 اور سندھ میں 16 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 990 تک جاپہنچی ہے جب کہ مہلک وائرس سے اب تک 20 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 4 کا گلگت بلتستان اور 2 کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں منگل کو 40 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے بھر میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔

صوبائی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ تفتان سے ڈیرہ اسماعیل خان آنے والے زائرین میں سے 37 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ صوبے کے دیگر شہروں میں 3 نئے کیسز سامنے آئے۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈیرہ اسماعیل خان میں 53، پشاور میں 12، مردان میں 6، مانسہرہ میں 3، بونیر، چارسدہ، جنوبی وزیرستان اور کرک میں ایک، ایک مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی منگل کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 15 اپنی جگہ برقرار ہے۔

پنجاب

گزشتہ روز پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت سامنے آئی جہاں لاہور کے میو اسپتال میں 57 سالہ مریض انتقال کرگیا۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے صوبے میں وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کی

سندھ

سندھ میں منگل کو مزید 16 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 410 تک جاپہنچی ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں مزید 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 143 تک جاپہنچی ہے جب کہ ایک مریض کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا دادو سے ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں منگل کو کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے باعث متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 110 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں منگل کے روز کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جس کے بعد متاثرہ کیسز کی تعداد 80 ہی ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق ضلع نگر میں 34، اسکردو میں 16، گلگت اور شِگر میں 13، 13، کھرمنگ میں 3 اور استور میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔

فیض اللہ فراق نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 4 مریض صحتیابی کے بعد گھر منتقل ہوگئے ہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کا اب تک ایک ہی کیس رپورٹ ہوا ہےجب کہ ریاست میں حکومت نے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات ہے اور چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کرچکے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات کی گئی ہے اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں

حکومت کا معاشی پیکیج

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.